تھنکس گیونگ پر اکنا ریلیف کی بڑی مہم، سینکڑوں خاندان مستفید
نیویارک میں تھینکس گیونگ کے موقع پر اکنا ریلیف نے برائٹن بیچ فوڈ پینٹری میں سینکڑوں حلال چکن اور راشن ضرورت مند خاندانوں میں تقسیم کیا۔
صبح سویرے سے ہی بزرگوں، معذور افراد اور کم آمدنی والے خاندانوں کی لمبی قطاریں فوڈ پینٹری کے باہر نظر آئیں، جہاں انہیں باعزت طریقے سے ضروری سامان فراہم کیا گیا۔حالیہ ہفتوں میں فوڈ اسٹیمپ کی بندش کے باعث مقامی کمیونٹیز شدید مشکلات کا شکار تھیں، ایسے میں اکنا ریلیف کی اس تقسیم کو عوام کے لیے بڑا سہارا قرار دیا جا رہا ہے۔ تنظیم کے مطابق شہر بھر میں بڑھتی ضروریات کے پیش نظر اس بار ہزاروں حلال مرغیاں اور لاکھوں پاؤنڈ وزنی اشیائے خورونوش فراہم کی گئیں تاکہ کوئی خاندان تھینکس گیونگ کے موقع پر خوراک سے محروم نہ رہے۔اس مہم میں برائٹن فوڈ پینٹری اور برائٹن بیچ فوڈ پینٹری کے درجنوں رضاکاروں نے حصہ لیا، جبکہ مختلف سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور سٹی آفیشلز نے بھی خدمات انجام دیں۔ ضلعی نمائندگان نے اسے کمیونٹی کے لیے ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشکل معاشی حالات میں ایسی سرگرمیاں نہ صرف فوری ریلیف فراہم کرتی ہیں بلکہ باہمی ہمدردی اور ذمہ داری کے احساس کو بھی مضبوط کرتی ہیں۔رضاکاروں کے مطابق اکنا ریلیف جس جذبے اور تسلسل کے ساتھ شہر بھر میں فوڈ اسسٹنس فراہم کر رہا ہے، وہ نہ صرف قابلِ تحسین ہے بلکہ دیگر اداروں کے لیے بھی قابلِ تقلید مثال ہے۔