نیویارک سٹی کے میئر الیکٹ زوہران ممدانی نے کہا ہے کہ این وائی پی ڈی کمشنر جسیکا ٹش اپنی ذمہ داریاں برقرار رکھیں گی۔
18 سالہ پبلک سروس تجربے کی حامل ٹش نے بدھ کے روز تصدیق کی کہ وہ ممدانی کی پیشکش قبول کرتے ہوئے جنوری میں ان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد بھی بطور کمشنر خدمات انجام دیں گی۔ انتخابی مہم کے آخری مرحلے میں ممدانی نے واضح کیا تھا کہ وہ کمشنر کو تبدیل نہیں کریں گے، کیونکہ ٹش کی قیادت میں فائرنگ کے واقعات، قتل اور ٹرانزٹ کرائم میں نمایاں کمی آئی۔ممدانی نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ کمشنر ٹش کے ساتھ مل کر شہر میں حقیقی عوامی تحفظ کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کمشنر کی کرپشن روکنے، جرائم میں کمی لانے اور مشکل حالات میں نیویارکرز کا ساتھ دینے کی کوششوں کو سراہا۔ ان کے مطابق 2025 میں 4,800 سے زائد غیر قانونی اسلحہ ضبط ہوا، فائرنگ کے واقعات کم ترین سطح پر آئے اور سب وے میں پندرہ سال کا محفوظ ترین دور ریکارڈ کیا گیا۔کمشنر ٹش نے بھی اس فیصلے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ میئر الیکٹ کے ساتھ مل کر جرائم میں مزید کمی، شفافیت، اور پولیس کے لیے بہتر وسائل فراہم کرنے پر کام کریں گی۔ انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ دونوں ہر معاملے پر متفق نہیں، مگر بنیادی عوامی تحفظ کے اہداف مشترک ہیں۔ ٹش کے مطابق، وہ محکمہ پولیس کے لیے ایک مضبوط آواز بن کر رہیں گی اور ہر سطح پر اپنے افسران کا دفاع کریں گی۔