امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےکہا ہے کہ وہ جمعہ کے روز نیویارک سٹی کے میئر الیکٹ زوہران ممدانی سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کریں گے۔
ٹرمپ نے یہ اعلان بدھ کی رات ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کیا، جس میں انہوں نے ممدانی کو تنقیدی انداز میں ’’کمیونسٹ میئر‘‘ بھی کہا۔ بعد ازاں ممدانی کی ٹرانزیشن ٹیم نے بھی ملاقات کی تصدیق کر دی۔ترجمان ڈورا پیکیک کے مطابق یہ ملاقات ایک نئے منتخب میئر کے لیے معمول کے مطابق ہے، جس میں عوامی تحفظ، معاشی سلامتی اور وہ پالیسی ایجنڈا زیرِ بحث آئے گا جسے حال ہی میں دس لاکھ سے زائد نیویارکرز نے ووٹ دیا۔ اس اعلان سے قبل ٹرمپ اتوار کو بھی اشارہ دے چکے تھے کہ وہ ممدانی سے ملاقات کے لیے تیار ہیں۔ٹرمپ کئی ماہ سے ممدانی کو نشانہ بناتے رہے ہیں، انہیں غلط طور پر ’’کمیونسٹ‘‘ قرار دیتے ہوئے اور خبردار کرتے ہوئے کہ ان کی جیت نیویارک کو نقصان پہنچائے گی۔ انہوں نے یہاں تک کہا تھا کہ وہ ممدانی کو ملک بدر کرنے یا شہر کی وفاقی فنڈنگ روکنے پر بھی غور کر سکتے ہیں۔ دوسری جانب 34 سالہ ممدانی نے اپنی انتخابی مہم میں ٹرمپ کی پالیسیوں کی شدید مخالفت کی اور تقریباً 9 پوائنٹس سے سابق گورنر اینڈریو کومو کو شکست دی۔انتخابی جیت کی رات ممدانی نے کہا تھا کہ نیویارک کو ملک کو راستہ دکھانا ہوگا کہ صدر کی مخالفت کیسے کی جاتی ہے۔ تاہم اگلے ہی دن انہوں نے واضح کیا کہ وہ نیویارکرز کے فائدے کے لیے کسی سے بھی، بشمول صدر، کام کرنے کو تیار ہیں۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ملاقات کی تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔