نیویارک میں بچوں اور والدین کے لیے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں میئر ایرک ایڈمز نے اگلے سال کے لیے مزید 10 ہزار نئی سِیٹس کے اضافے کا اعلان کیا ہے۔
اس پروگرام کے تحت 75 سرکاری اسکولوں اور 11 کمیونٹی سینٹرز میں نشستیں دی جائیں گی، جس سے کم آمدنی والے علاقوں کے ہزاروں بچے مستفید ہوں گے۔ اس سے قبل رواں سال 40 نئے آفٹر اسکول مراکز اور 5 ہزار نشستیں شامل کی جاچکی ہیں، جو ایک دہائی کی سب سے بڑی توسیع قرار دی جارہی ہے۔شہر کی انتظامیہ کے مطابق ’’آفٹر اسکول فار آل‘‘ پروگرام پر 331 ملین ڈالر کی نئی سرمایہ کاری کی گئی ہے، جس سے مجموعی فنڈ 755 ملین ڈالر تک پہنچ جائے گا اور 2027 تک نگہداشت اور تعلیم کے لیے 184 ہزار نشستیں دستیاب ہوں گی۔ میئر ایڈمز کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات نیویارک کو بہترین شہر بنانے کی جانب ایک بڑا قدم ہیں، جہاں بچوں کو اسکول سے باہر بھی محفوظ، معیاری اور تعلیمی ماحول ملے گا۔انتظامیہ کے مطابق گزشتہ تین برسوں سے نیویارک میں ابتدائی تعلیم، چائلڈ کیئر، 3-K اور اسپیشل ایجوکیشن کے لیے ریکارڈ سرمایہ کاری کی گئی ہے، جبکہ ہزاروں بچوں کے لیے ڈسلیکسیا اسکریننگ، گفٹڈ اینڈ ٹیلنٹڈ پروگرامز اور نصابی اصلاحات نے تعلیمی معیار کو بہتر بنایا ہے۔