صاف پانی کیلئے فنڈنگ، نیویارک میں حیران کن ریکارڈ قائم
پاکستان کے دیہی علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی کے لیے نیویارک میں سماجی تنظیم نے ایک لاکھ ڈالر کے عطیات جمع کرلیے۔ معروف اداکار فیصل قریشی اور گلوکار استاد رفاقت علی خان نے محفل کو چار چاند لگا دیے۔
پاکستان کے دیہی علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر کاربند سماجی تنظیم ہیومن نیسی سیٹی فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام نیویارک میں منعقدہ فنڈر ریزنگ ڈنر اور معروف اداکار فیصل قریشی کے ساتھ میٹ اینڈ گریٹ کا انعقاد کیا گیا۔ ابتداء تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوئی۔ تقریب کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے پیک یو ایس اے کے جنرل سیکرٹری عاصم ملک، حلال گائیڈ کے رضا دستگیر نے اہم کردار ادا کیا جبکہ شیرازی ریسٹورانٹ نے ہال کی مفت فراہمی کے ذریعے اس کارِ خیر میں اپنا حصہ ڈالا۔ مہمانِ خصوصی اور معروف اداکار فیصل قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں لوگوں نے مسائل کو حل کرنے کے بجائے اس کا متبادل تلاش کرکے جینا سیکھ لیا ہے، ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ اپنے مسائل کا مستقل حل نکالیں، اوورسیز پاکستانیوں نے کبھی مایوس نہیں کیا۔تقریب میں مختلف شعبہ جات سے وابستہ پاکستانی امریکن کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک ہوئی اور دل کھول کر اپنے عطیات جمع کروائے جس کے نتیجے میں ایک لاکھ ڈالر سے زائد کا فنڈ اکٹھا کرلیا گیا۔ اس موقع پر ہیومن نیسی سیٹی فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر عبید اللہ نے بریفنگ میں بتایا کہ 2015 میں یہ تنظیم قائم کی گئی اور دس سالوں کے دوران 800 واٹر اسٹیشن نصب کیے جن سے سالانہ 12 ملین افراد صاف پانی حاصل کر رہے ہیں۔شرکاء سے خطاب میں معروف عالمِ دین کا کہنا تھا کہ زندگی میں اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتیں اور مشکلات دونوں ہی انسان کے لیے آزمائش ہیں، زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ضروری ہے کہ اچھے کاموں میں شریک ہوں۔اس موقع پر تقریب کی شریک میزبان ثمرین حسین اور معروف اداکار فیصل قریشی کے درمیان دلچسپ گفتگو بھی ہوئی، ایک سوال پر فیصل قریشی کا کہنا تھا کہ ایکٹنگ ایک فنی صلاحیت ہے، اداکاری کسی کو سکھا نہیں سکتے۔تقریب کے اختتام سے قبل پیک یو ایس کے جنرل سیکرٹری عاصم ملک نے تمام مہمانوں، اسپانسرز سے اظہارِ تشکر کیا۔میٹ اینڈ گریٹ کے اختتام پر معروف گلوکار استاد رفاقت علی خان نے اپنا مقبول کلام "تو کجا من کجا” سنا کر سماں باندھ دیا۔