امریکہ میں طویل ترین سرکاری شٹ ڈاؤن کے باعث عائد کی گئی پروازوں کی پابندیاں بالآخر مکمل ختم کر دی گئیں، جس کے بعد ملک بھر کی تجارتی ایئرلائنز آج صبح 6 بجے سے معمول کے شیڈول کے مطابق آپریشن دوبارہ شروع کر دیں گی۔
یہ اعلان امریکی وزیرِ ٹرانسپورٹ اور ایف اے اے کے ایڈمنسٹریٹر نے مشترکہ بیان میں کیا۔وفاقی ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے 7 نومبر سے 40 بڑے ایئرپورٹس پر پروازوں کی تعداد محدود کر دی تھی، کیونکہ شٹ ڈاؤن کے دوران ایئر ٹریفک کنٹرول مراکز میں عملے کی شدید کمی پیدا ہوگئی تھی۔ ابتدا میں 4 فیصد پروازیں کم کی گئیں، جو بعد میں 6 فیصد تک پہنچ گئیں۔ تاہم گزشتہ جمعے ایف اے اے نے حالات بہتر ہونے پر پابندی 3 فیصد تک لانے کا اعلان کیا تھا۔ایف اے اے نے کہا کہ حفاظتی ٹیم نے فضائی نظام کے اعداد و شمار کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد پابندی ختم کرنے کی سفارش کی، کیونکہ کنٹرولرز کی واپسی سے ’اسٹافنگ ٹرگر ایونٹس‘ میں نمایاں کمی آئی ہے۔ ادارے نے بعض ایئرلائنز کی جانب سے ہدایات کی خلاف ورزیوں کا نوٹس بھی لیا ہے اور ان کے خلاف کارروائی کا جائزہ جاری ہے۔پابندی کے دوران سب سے زیادہ متاثر 9 نومبر کو پروازیں ہوئیں جب موسم، عملے کی کمی اور پابندیوں کے باعث 2,900 سے زائد فلائٹس منسوخ ہوئیں۔ تاہم جیسے ہی شٹ ڈاؤن کے خاتمے کی امید بنی، مزید کنٹرولرز ڈیوٹی پر واپس آئے اور صورتحال بہتر ہونا شروع ہوگئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اب تھینکس گیونگ کے مصروف سفری سیزن سے قبل فضائی آپریشن مکمل طور پر معمول پر ہونے کی توقع ہے۔