vosa.tv
Voice of South Asia!

عمان کے ثقافتی ویزا میں بڑی توسیع، اہلِ خانہ کے لیے بھی راستے کھل گئے

0

عمان نے اپنے ثقافتی ویزا اور رہائشی قوانین میں اہم ترمیمات کرتے ہوئے غیر ملکی فنکاروں، مصنفین اور ثقافتی شعبوں سے وابستہ ماہرین کے اہلِ خانہ اور قریبی رشتہ داروں کو بھی ملک میں رہائش اور کام کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام تخلیقی صنعتوں کو فروغ دینے اور سلطنتِ عمان کو خطے کے ایک بڑے ثقافتی مرکز میں تبدیل کرنے کی وسیع حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔نئی ترامیم کے تحت کلچرل ویزا، جوائننگ ویزا، کلچرل ریزیڈنسی پرمٹ اور جوائننگ ریزیڈنسی پرمٹ جیسی اقسام متعارف کرائی گئی ہیں۔ کلچرل ویزا اُن تخلیق کاروں کے لیے ہوگا جو عمان میں ثقافتی سرگرمیوں کے لیے آتے ہیں، جبکہ جوائننگ ویزا ان کے شریکِ حیات اور قریبی رشتے داروں کے لیے مخصوص ہوگا۔ اسی طرح سلطنت میں پہلے سے ثقافتی خدمات انجام دینے والے افراد کو طویل مدتی رہائشی پرمٹس بھی فراہم کیے جائیں گے۔عمانی حکام کے مطابق اس پالیسی سے دنیا بھر کے فنکاروں اور ثقافتی ماہرین کو خاندان سمیت ملک میں طویل عرصے تک رہنے اور پُرسکون ماحول میں کام کرنے کا موقع ملے گا، جس سے ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔ یہ اقدام Oman Vision 2040 کا حصہ بھی ہے، جس کا مقصد ثقافت، ورثہ، سیاحت اور تخلیقی معیشت کو نئی سمت دینا ہے۔عالمی ثقافتی حلقوں نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمان کی یہ پیش رفت ملک کو ثقافتی سیاحت، تحقیق، فنونِ لطیفہ اور تخلیقی سرمایہ کاری کا مستقبل کا مضبوط مرکز بنا دے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.