نیویارک سٹی کے میئر ایریک ایڈمز اور گورنر ہوکل نے روزویلٹ آئی لینڈ کے ماسٹر لیز میں توسیع اور آئندہ ترقی کے لیے مشترکہ منصوبہ بندی کا نیا فریم ورک پیش کر دیا ہے۔
اس معاہدے کے تحت شہر اور ریاست نے لیز میں ابتدائی طور پر 10 سال کی توسیع پر اتفاق کیا ہے، جس کے بعد طویل مدتی توسیع بھی شامل ہوگی۔ یہ قدم 5,500 سے زائد رہائشی یونٹس کے لیے مالی تحفظ اور ہاؤسنگ استحکام کو یقینی بنائے گا۔ لیز میں توسیع کی منظوری دسمبر میں RIOC بورڈ دے گا۔میئر ایڈمز اور گورنر ہوکل کے مطابق نیا منصوبہ روزویلٹ آئی لینڈ میں مزید رہائش، نئی سہولتیں اور بہتر انفراسٹرکچر کے امکانات کا جائزہ لے گا۔ حکام نے بتایا کہ کمیونٹی مشاورت اور پبلک انگیجمنٹ کے ذریعے 2026 میں ترقیاتی منصوبوں کی سمت طے کی جائے گی۔ اس عمل میں مقامی رہائشیوں، کاروباری اداروں اور منتخب نمائندوں کو شامل کیا جائے گا تاکہ مستقبل کے لیے ایک جامع اور قابلِ عمل خاکہ تیار ہو سکے۔اس ترقیاتی فریم ورک میں قابلِ توجہ منصوبوں میں پرانے اسٹیم پلانٹ کی جگہ ممکنہ تعمیر شامل ہے، جسے 2014 میں بند کر دیا گیا تھا۔ شہر جلد اس عمارت کے انہدام کا عمل شروع کرے گا، جس سے اس مقام کی نئی ترقی کا راستہ کھلے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ NYC Health + Hospitals/Coler کے 70 سالہ کیمپس کی جدید کاری، سیلاب سے بچاؤ، مریضوں کی ضروریات، اور ممکنہ اضافی ہاؤسنگ پر بھی غور کیا جائے گا۔