ریاض میں پاکستانی ہنرمندوں کے فروغ کے لیے میٹ اینڈ گریٹ
ریاض میں سکل ڈویلپمنٹ پروگرام اور سفارت خانہ پاکستان سعودی عرب کے باہمی اشتراک سے میٹ اینڈ گریٹ نیٹ ورکنگ سیشن کا انعقاد کیا گیا۔
سیشن میں افرادی قوت برآمد کرنے والے اداروں، کمپنیوں کے پروموٹرز اور حکومتی نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں پاکستانی سفیر احمد فاروق اور سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے چیئرمین و رکن صوبائی اسمبلی عدنان افضل چھٹہ بھی شریک ہوئے۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عدنان افضل چھٹہ نے کہا کہ پنجاب کے لاکھوں نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعمیرات اور ہاسپٹلٹی سمیت دیگر شعبوں میں ہنر مند بنانے کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں قائم گیارہ سو ووکیشنل ٹریننگ سینٹرز نوجوانوں کو فنی تعلیم سے آراستہ کر رہے ہیں، جو مستقبل میں سعودی ورک فورس کی ضروریات کو پورا کرنے میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔اس موقع پر پاکستانی سفیر احمد فاروق نے کہا کہ پاکستانی نوجوان انتہائی باصلاحیت اور محنتی ہیں، اور سفارت خانہ اس بات کو یقینی بنا رہا ہے کہ انہیں سعودی لیبر مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر نوجوانوں کی تربیت عالمی معیار کے مطابق ہو تو وہ نہ صرف سعودی عرب کے ترقیاتی منصوبوں میں حصہ ڈال سکتے ہیں بلکہ پاکستان کی معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔ورکنگ سیشن میں شریک سعودی اور پاکستانی پروموٹرز نے حکومتِ پنجاب کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب لیبر فورس کے لیے ایک وسیع اور پُرکشش مارکیٹ ہے جہاں لاکھوں پاکستانی پہلے ہی خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ ہر سال ہزاروں مزید افراد وہاں کا رخ کرتے ہیں، جس سے پاکستان کی ترسیلاتِ زر میں اضافہ اور معیشت کو استحکام حاصل ہوتا ہے۔