نیو یارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے محکمہ برائے کنزیومر اینڈ ورکر پروٹیکشن (DCWP) اور نیو یارک سٹی پبلک اسکولز کے اشتراک سے ایک نیا پروگرام متعارف کرایا ہے جس کے تحت 2026 سے ہائی اسکولوں میں "ان اسکول بینکنگ” (In-School Banking) کی سہولت دی جائے گی۔
یہ پروگرام "Financial Literacy for Youth” یعنی نوجوانوں کے لیے مالی شعور کی شہر گیر مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد ہے کہ 2030 تک ہر طالبعلم کو بچت اور اخراجات کے بنیادی اصول سکھائے جائیں۔اس پائلٹ پروگرام میں ابتدائی طور پر 15 سرکاری اسکول اور 12 بینک و مالیاتی ادارے شامل ہوں گے جن میں بینک آف امریکہ، بروکلین کوآپریٹو کریڈٹ یونین، سٹیزنز بینک، ایم اینڈ ٹی بینک، ٹی ڈی بینک، سینٹینڈر، ویلز فارگو، اور رِج ووڈ سیونگز بینک شامل ہیں۔ یہ ادارے براہِ راست اسکولوں میں سروسز فراہم کریں گے، ورکشاپس کا انعقاد کریں گے، اور طلبا کو مالیاتی شعبے میں کیریئر کے مواقع سے جوڑیں گے۔میئر ایڈمز نے کہا، “اگر آپ لوگوں کو یہ نہیں سکھائیں گے کہ پیسہ کس طرح استعمال کرنا ہے تو وہ اسے کھو دیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے ایک تاریخی اقدام اٹھایا ہے تاکہ ہمارے اسکولوں کے ہر طالبعلم کو مالی نظم و ضبط سکھایا جا سکے۔”اس پروگرام کے ذریعے طلبا اور والدین کو بینک اکاؤنٹ کھولنے، مالی مصنوعات سمجھنے، بجٹ بنانے، قرض اور کریڈٹ کی اہمیت سے واقفیت حاصل ہوگی۔ میئر ایڈمز کے مطابق، یہ صرف تعلیمی نہیں بلکہ عملی تربیت ہے جو ہمارے نوجوانوں کو مستقبل میں مالی طور پر مستحکم بنائے گی۔