امریکا کی دس ریاستوں میں شیرخوار بچوں میں بوٹولزم (Infant Botulism) کے 13 کیسز سامنے آئے ہیں، جنہیں وفاقی اور ریاستی صحت حکام نے بچوں کے آلودہ دودھ (فارمولا) سے منسلک قرار دیا ہے۔
فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (FDA) کے مطابق، یہ کیسز "بائے ہارٹ” کمپنی کے ہول نیوٹریشن انفنٹ فارمولا کی دو بیچوں سے جڑے ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر مارکیٹ سے واپس بلانے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ایف ڈی اے نے بتایا کہ تمام 13 متاثرہ بچے اسپتال میں داخل کیے گئے تھے، جنہوں نے انہی دو بیچ نمبرز — 206VABP/251261P2 اور 206VABP/251131P2 — سے دودھ استعمال کیا تھا۔ یہ کیسز ایریزونا، کیلیفورنیا، الی نوائے، مینیسوٹا، نیو جرسی، اوریگن، پنسلوانیا، رہوڈ آئی لینڈ، ٹیکساس اور واشنگٹن میں رپورٹ ہوئے۔ خوش قسمتی سے کسی بچے کی موت واقع نہیں ہوئی۔محکمہ صحت نے کہا ہے کہ تفتیش جاری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آلودگی کس طرح پیدا ہوئی اور آیا دیگر مصنوعات بھی متاثر ہوئیں یا نہیں۔ "بائے ہارٹ” فارمولا آن لائن اور بڑے اسٹورز پر دستیاب تھا، اور اس کا مارکیٹ شیئر ملک بھر میں تقریباً 1 فیصد تھا۔سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول (CDC) کے مطابق، جن والدین نے متاثرہ دودھ خریدا ہے وہ فوری طور پر اس کا بیچ نمبر نوٹ کریں اور پھر اسے پھینک دیں یا اسٹور پر واپس کریں۔ تمام برتن اور بوتلیں گرم پانی اور صابن سے اچھی طرح دھوئیں، اور اگر بچے کو دودھ پینے کے بعد کمزوری، سر نہ سنبھال پانے، نگلنے میں دشواری یا چہرے کی حرکات میں کمی محسوس ہو تو فوراً طبی امداد حاصل کریں۔سی ڈی سی نے والدین کو متنبہ کیا ہے کہ بوٹولزم کی علامات ظاہر ہونے میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں، لہٰذا محتاط رہنا نہایت ضروری ہے۔ کمپنی نے واقعے پر تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔