vosa.tv
Voice of South Asia!

ایران اور اسرائیل ایک اور جنگ کے دہانے پر

0

 نیویارک ٹائمز کی ایک تازہ رپورٹ کے مطابق ایران اور اسرائیل کے درمیان ایک نئی جنگ کسی بھی وقت شروع ہوسکتی ہے۔

 رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایران نے اپنی میزائل اور جوہری سرگرمیوں کو مزید تیز کردیا ہے، اور اب وہ ایک ہی وقت میں دو ہزار میزائل داغنے کی صلاحیت حاصل کرچکا ہے۔ جون میں ہونے والی 12 روزہ تباہ کن لڑائی کے باوجود ایران کے جوہری اور میزائل پروگرام زیادہ متاثر نہیں ہوئے۔مشرقِ وسطیٰ کے حکام کے مطابق اسرائیل اور امریکا کے حملوں سے ایرانی تنصیبات کو کم نقصان پہنچا، جس کے بعد تہران نے اپنے ہتھیاروں کے ذخیرے کو مزید بڑھا دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایران کے پاس اب اتنا افزودہ یورینیم موجود ہے جو 11 ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری کے لیے کافی ہے۔ جبکہ بین الاقوامی معائنہ کاروں کو جوہری تنصیبات تک رسائی نہ دینے سے کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔امریکی حمایت یافتہ فضائی حملوں کے بعد ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے واضح کیا کہ امریکا کے ساتھ کوئی تعاون ممکن نہیں جب تک وہ اسرائیل کی حمایت اور مشرقِ وسطیٰ میں اپنی فوجی موجودگی برقرار رکھے گا۔ دوسری جانب اسرائیل کا مؤقف ہے کہ ایران کے جوہری عزائم اس کی سلامتی کے لیے براہ راست خطرہ ہیں۔جون میں ہونے والی لڑائی میں ایران نے 500 سے زائد میزائل اور 1100 ڈرون اسرائیل پر داغے تھے، جس سے درجنوں افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے تھے۔ اب دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، اور ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک معمولی غلطی پورے خطے کو ایک اور تباہ کن جنگ میں جھونک سکتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.