vosa.tv
Voice of South Asia!

فلائٹس کی کمی نے تھینکس گیونگ کی تیاریوں کو خطرے میں ڈال دیا

0

 امریکہ کے بڑے ہوائی اڈوں پر اس ہفتے کے اختتام پر سیکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئیں، کیونکہ جاری حکومتی شٹ ڈاؤن کے باعث ایئرلائنز نے اپنی پروازوں میں کمی شروع کر دی ہے۔

حکام کے مطابق فی الحال مجموعی سفری نظام میں بڑے پیمانے پر خلل نہیں پڑا، مگر ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر یہ صورتحال برقرار رہی تو آنے والے "تھینکس گیونگ” کے موقع پر بحران سنگین ہو سکتا ہے۔فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ "فلائٹ اویئر” کے مطابق جمعے کو ایک ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں، جب کہ ہفتے کے روز مزید 700 پروازیں بند رہیں۔ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) نے بتایا کہ 40 ہوائی اڈوں پر فلائٹ کمی 4 فیصد سے شروع ہو کر آئندہ ہفتے میں 10 فیصد تک جا سکتی ہے۔ ٹرانسپورٹیشن سیکریٹری شان ڈفی نے کہا کہ اگر شٹ ڈاؤن جاری رہا تو مزید پروازوں میں کمی کرنا پڑ سکتی ہے۔ایئر ٹریفک کنٹرولرز گزشتہ ایک ماہ سے تنخواہوں کے بغیر کام کر رہے ہیں، جس کے باعث بہت سے اہلکار بیمار ہونے کی اطلاع دے رہے ہیں یا اضافی ملازمتیں کر رہے ہیں۔ کنٹرولرز کو ہفتے میں چھ دن لازمی اوورٹائم پر کام کرنا پڑ رہا ہے۔اب تک بیشتر مسافروں کو دوبارہ بُکنگ کی سہولت مل گئی، لیکن غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔ بعض افراد نے سفر منسوخ کر دیا ہے جبکہ کرایہ پر گاڑیوں کی ایک طرفہ بکنگ میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ماہرین کے مطابق اس سست روی کے اثرات ہوائی سفر سے آگے بڑھ کر معیشت تک پھیل سکتے ہیں۔ تقریباً نصف امریکی فضائی مال برداری مسافر طیاروں کے ذریعے ہوتی ہے، لہٰذا پروازوں میں خلل سے اشیائے ضروریہ کی فراہمی متاثر اور قیمتوں میں اضافہ ممکن ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.