امریکہ کی کچھ ریاستوں میں اب اسکولوں کے نصاب میں گن سیفٹی کا نیا مضمون شامل کر لیا گیا ہے۔
نئی تعلیم میں بچوں کو سکھایا جا رہا ہے کہ اگر وہ کسی جگہ گن دیکھیں تو فوراً رک جائیں، اسے ہاتھ نہ لگائیں، وہاں سے دور چلے جائیں اور کسی بڑے کو اطلاع دیں۔یہ نصاب آرکنساس، ٹینیسی اور یوٹا میں نافذ کیا گیا ہے، جہاں بچوں کو گھر میں گن کے محفوظ رکھنے کے طریقے بھی سکھائے جا رہے ہیں۔ یوٹا واحد ریاست ہے جہاں والدین چاہیں تو اپنے بچوں کو اس سبق سے مستثنیٰ رکھ سکتے ہیں۔ٹینیسی کے میمفس شہر کے ایک اسکول میں پانچویں جماعت کے زیادہ تر طلبہ نے بتایا کہ وہ پہلے ہی کسی نہ کسی موقع پر گن دیکھ چکے ہیں۔ اساتذہ کے مطابق یہی وجہ ہے کہ ایسا نصاب اب ناگزیر ہو چکا ہے۔ کلاسز میں گیمز، کوئزز، اور رنگ برنگی تصاویر کے ذریعے سبق کو دلچسپ بنایا گیا ہے۔ریاستی حکام کے مطابق مقصد سیاسی نہیں بلکہ حفاظتی ہے۔ ان کے خیال میں اگر بچے گن دیکھ کر محفوظ رویہ اپنانا سیکھ جائیں تو حادثات کم ہو سکتے ہیں۔ تاہم بعض ڈیموکریٹک رہنماؤں اور گن کنٹرول تنظیموں کا کہنا ہے کہ اصل ذمہ داری بڑوں کی ہے، اور بچوں پر یہ بوجھ ڈالنا مسئلے کا حل نہیں۔نئی پالیسی کے تحت اسکولوں کو اس بات کا اختیار دیا گیا ہے کہ وہ نصاب کو اپنی سہولت کے مطابق شامل کریں۔