سیالکوٹ کی اقصیٰ تسلیم نیویارک پولیس میں شامل
نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں چھ سو سے زائد گریجویٹس اپنی تعلیم مکمل کرکے پولیس افسر بن گئے۔ نئے گریجویٹس میں پاکستانی نژاد اقصیٰ تسلیم بھی شامل ہیں جو پولیس کے ساتھ امریکی فضائیہ کی ریزرو فورس میں بھی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہیں۔
نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے گریجویٹس اور نئے پولیس افسران کو ایوارڈ دینے کے لیے میڈیسن اسکوائر گارڈن تھیٹر میں پروقار تقریب منعقد ہوئی۔646 گریجویٹس نے اپنی تعلیم مکمل کرکے پولیس افسر کا عہدہ حاصل کرلیا۔ پولیس کمشنر جیسیکا ٹش نے نئے افسران کو ایوارڈز دیے۔ ایوارڈ پانے والوں میں پاکستانی نژاد اقصیٰ تسلیم بھی شامل ہیں۔ پاکستان کے شہر سیالکوٹ کے ضلع ڈسکہ سے تعلق رکھنے والی اقصیٰ تسلیم این وائے پی ڈی میں پروبیشنری پولیس افسر ہیں جنھوں نے خدمتِ خلق اور بے لوث جذبے کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔ وہ نہ صرف کمیونٹی ویلفیئر کے کاموں میں پیش پیش ہیں بلکہ اپنے فرائضِ منصبی کے ساتھ ساتھ امریکی فضائیہ کی ریزرو فورس میں بھی ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پولیس کمشنر جیسیکا ٹش کا کہنا تھا کہ جب وہ پہلی خاتون پولیس کمشنر بنیں تو پولیس کے مستقبل پر سوالات اٹھائے جارہے تھے، لیکن آج چار دہائیوں میں پہلی بار پولیس میں اتنی بڑی تعداد نے شمولیت اختیار کی ہے۔ پولیس اکیڈمی کی سخت تربیت کے باوجود اقصیٰ تسلیم ہر ماہ 25 سے زائد گھنٹے "واحد میڈیکل کیئر” کے ساتھ بطور رضاکار خدمات انجام دیتی ہیں، جہاں وہ مریضوں کی مدد اور عملے کی معاونت نہایت پیشہ ورانہ انداز اور ہمدردی کے جذبے سے کرتی ہیں۔ اقصیٰ کی خدمات دیانتداری، ہمدردی اور شہری فرض شناسی کی عکاس ہیں۔ ان کا جذبہ اور خدمت ان کے ساتھیوں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ قبل ازیں پولیس کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کی بہتر کارکردگی کی بدولت شہر میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔