پاکستان کے ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاک سعودی تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ ان میں مضبوطی اور استحکام بڑھ رہا ہے۔
ریاض میں پاکستانی سفارت خانے کے دورے کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں، اور حالیہ دفاعی معاہدہ اس گہری اور پائیدار دوستی کا ثبوت ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کو حرمین شریفین کا محافظ بننے پر فخر ہے۔ انہوں نے سفارت خانے میں اپ گریڈ قونصلر ہال اور پاسپورٹ سیکشن کا افتتاح کیا اور فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر پاکستانی سفیر احمد فاروق اور سعودی سفیر نواف المالکی بھی موجود تھے۔ ڈپٹی وزیراعظم نے کمیونٹی اراکین سے ملاقات میں بیرونِ ملک پاکستانی ورکرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی محنت سے زرمبادلہ بھیج کر قوم کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ترقی اور خوشحالی کی نئی راہوں پر گامزن ہے۔