vosa.tv
Voice of South Asia!

ٹرمپ کا چین اور روس کے برابر جوہری تجربات شروع کرنے کا حکم

0

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے محکمہ دفاع کو ہدایت دی ہے کہ وہ چین اور روس کے برابر جوہری ہتھیاروں کے تجربات شروع کرے۔

یہ اقدام روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے اس اعلان کے بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے بتایا کہ ماسکو نے ایک ایٹمی صلاحیت رکھنے والے، ایٹمی توانائی سے چلنے والے آبدوز ڈرون کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ ٹرمپ نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ چونکہ دوسرے ممالک جوہری پروگرام کے تجربات کر رہے ہیں، اس لیے انہوں نے امریکی محکمہ جنگ کو حکم دیا ہے کہ وہ برابر کی سطح پر جوہری ہتھیاروں کے تجربات کرے۔ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کے پاس دنیا میں سب سے زیادہ ایٹمی ہتھیار ہیں، اور انہوں نے اپنے دورِ صدارت میں ان کے مکمل تجدیدی منصوبے پر زور دیا۔ ان کے مطابق روس دوسرا بڑا ملک ہے، جب کہ چین تیسرے نمبر پر ہے لیکن وہ اگلے پانچ برسوں میں امریکا کے قریب پہنچ سکتا ہے۔بین الاقوامی تنظیم ICAN کے مطابق دنیا کے نو ممالک کے پاس ایٹمی ہتھیار ہیں، جن میں امریکا، روس، چین، فرانس، برطانیہ، پاکستان، بھارت، اسرائیل اور شمالی کوریا شامل ہیں۔ تنظیم کے مطابق موجودہ اندازوں کے مطابق روس کے پاس 5500 سے زیادہ اور امریکا کے پاس 5044 ایٹمی وار ہیڈز موجود ہیں۔ٹرمپ نے یہ نہیں بتایا کہ تجربات کس نوعیت کے ہوں گے، لیکن کہا کہ عمل "فوراً شروع کیا جائے گا۔” دوسری جانب، پوٹن نے بدھ کے روز اعلان کیا تھا کہ روس نے "پوسائیڈن” نامی ایک آبدوزی ڈرون کا کامیاب تجربہ کیا ہے جو دنیا کے کسی بھی براعظم تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.