پشاور: خیبرپختونخوا کے اضلاع کرم اور شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 4 خودکش بمباروں سمیت 25 دہشتگرد مارے گئے جبکہ 5 جوان جامِ شہادت نوش کر گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 24 اور 25 اکتوبر کو دہشتگردوں کے دو بڑے گروہ پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب دراندازی کی کوشش کر رہے تھے، جنہیں فورسز نے گھیر کر کارروائی کی۔ترجمان کے مطابق اسپن وام، شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 15 دہشتگردوں اور 4 خودکش بمباروں کو ہلاک کیا گیا جبکہ ضلع کرم کے علاقے گھاکی میں مزید 10 درانداز مارے گئے۔ مارے جانے والے خوارج سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔فائرنگ کے تبادلے میں 5 جوان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے جن میں حوالدار منظور حسین (عمر 35 سال، ضلع غذر)، سپاہی نعمان الیاس کیانی (عمر 23 سال، ضلع پونچھ)، سپاہی محمد عادل (عمر 24 سال، ضلع قصور)، سپاہی شاہ جہاں (عمر 25 سال، ضلع وہاڑی) اور سپاہی علی اصغر (عمر 25 سال، ضلع پاک پتن) شامل ہیں۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج ملک کی سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہے، اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں دہشتگردی کے خاتمے کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔