ییل یونیورسٹی کی جانب سے طلبہ کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کا اعلان
امریکہ کی معروف یونیورسٹی "ییل” نے پاکستانی طلبہ سمیت دنیا بھر کے بین الاقوامی طلبہ کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ پروگرام انڈرگریجویٹ، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی سطح کے طلبہ کے لیے ترتیب دیا گیا ہے تاکہ انہیں مالی بوجھ کے بغیر اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔یہ اسکالرشپ میرٹ اور مالی ضرورت کی بنیاد پر دی جاتی ہے، جو اہل طلبہ کو تمام تعلیمی اخراجات بشمول ٹیوشن فیس، رہائش، کھانے پینے کے اخراجات اور طبی سہولیات فراہم کرتی ہے۔ ییل یونیورسٹی کے مطابق جن خاندانوں کی سالانہ آمدن 65 ہزار ڈالر سے کم ہے، ان کے لیے تعلیم، ہاسٹل اور کھانے کی سہولت مکمل طور پر مفت ہوگی۔درخواست گزاروں کے لیے لازمی ہے کہ وہ مضبوط تعلیمی ریکارڈ رکھتے ہوں، TOEFL میں کم از کم 100 یا IELTS میں 7.0 اسکور حاصل کریں، اور اپنی مالی ضروریات کا ثبوت فراہم کریں۔ انڈرگریجویٹ طلبہ کے لیے SAT یا ACT جبکہ گریجویٹ سطح کے امیدواروں کے لیے GRE یا GMAT درکار ہوگا۔انڈرگریجویٹ داخلے کے لیے درخواستیں دسمبر کے وسط تک جمع کرائی جا سکتی ہیں، جبکہ گریجویٹ پروگرامز کی آخری تاریخ دسمبر سے فروری کے درمیان مختلف شعبہ جات کے لحاظ سے مقرر کی گئی ہے۔ مزید معلومات ییل یونیورسٹی کی آفیشل ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔