امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ ہفتے اپنے ایشیائی دورے کے دوران شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے ملاقات کے خواہاں ہیں، تاہم وائٹ ہاؤس حکام نے تصدیق کی ہے کہ اس وقت ایسی کسی ملاقات کا منصوبہ طے نہیں۔
ٹرمپ نے ایشیا روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ وہ کم سے ملاقات چاہتے ہیں اور ان سے ان کے تعلقات “انتہائی اچھے” ہیں۔ جنوبی کوریا کے وزیرِ اتحاد چنگ ڈونگ یونگ نے اس امکان کو “خاصا ممکن” قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنما اس موقع کو ضائع نہ کریں۔ تاہم، موجودہ حالات میں ملاقات کا امکان کم دکھائی دیتا ہے۔وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ ٹرمپ اپنے دورے کے دوران چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے، جبکہ وہ ملائیشیا میں ہونے والی آسیان سمٹ میں بھی شرکت کریں گے۔ اس اجلاس میں جاپان، برازیل اور جنوبی افریقہ کے سربراہان بھی شریک ہوں گے۔یاد رہے کہ ٹرمپ اور کم جونگ اُن ماضی میں تین بار ملاقات کر چکے ہیں، جن میں جون 2019 میں غیر عسکری حد بندی (DMZ) میں ہونے والی ملاقات خاص طور پر تاریخی قرار دی گئی تھی۔ حال ہی میں کم نے کہا تھا کہ اگر امریکہ جوہری پروگرام چھوڑنے کا اصرار ختم کرے تو وہ مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔