الاسکا ایئرلائنز کی تمام پروازیں ایئرلائن کے بنیادی ڈیٹا سینٹر میں سنگین آئی ٹی خرابی کا سامنا کرنے کی وجہ سے معطل ہوگئیں۔
سیئٹل میں قائم کمپنی نے وضاحت کی کہ یہ واقعہ کسی سائبر حملے یا دیگر بیرونی عنصر کا نتیجہ نہیں بلکہ تکنیکی ناکامی تھی۔ اس دوران فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے کمپنی کی درخواست پر شام ساڑھے سات بجے کے قریب گراؤنڈ اسٹاپ جاری کیا۔ کمپنی کے مطابق خرابی نے اہم آپریشنل سسٹمز کو متاثر کیا جس کے باعث پروازوں کو زمین پر روکنا ضروری ہوگیا، تاہم فلائٹ سیفٹی پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ایئرلائن نے اپنی ذیلی کمپنی ہورائزن ایئر کی پروازیں بھی منسوخ کر دیں۔ حکام نے مسافروں سے کہا ہے کہ وہ روانگی سے قبل اپنی پروازوں کا شیڈول ضرور چیک کریں۔ بیان میں کمپنی نے مسافروں سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ متاثرہ افراد کو جلد از جلد ان کی منزل تک پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ یہ سال 2025 کے دوران الاسکا ایئرلائنز کا دوسرا بڑا آئی ٹی بحران ہے، اس سے قبل جولائی میں بھی اسی نوعیت کی خرابی سے تین گھنٹے تک پروازیں معطل رہی تھیں۔