
نیویارک شہر میں مین ہیٹن کے علاقے چائنا ٹاؤن میں فیڈرل ایجنٹس کے کینال اسٹریٹ پر چھاپے کے بعد امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) کی گرفتاریوں میں اضافے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
قائم مقام ڈائریکٹر ٹوڈ لایونز کے مطابق کارروائیاں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی جائیں گی تاکہ نیویارک کو دوبارہ محفوظ بنایا جا سکے۔منگل کو چھاپے کے دوران جعلی ڈیزائنر سامان فروخت کرنے والے وینڈرز کے خلاف کارروائی میں نو افراد کو گرفتار کیا گیا، جس سے علاقے میں شدید ہنگامہ آرائی اور احتجاج شروع ہوگیا۔ کانگریس مین ڈین گولڈمین نے بتایا کہ چار امریکی شہریوں کو بھی غلطی سے حراست میں لیا گیا، جنہیں بعد ازاں بغیر کسی الزام کے رہا کر دیا گیا۔واقعے کے بعد سیکڑوں مظاہرین فولی اسکوائر سے 26 فیڈرل پلازہ تک مارچ کرتے ہوئے امیگریشن پالیسیوں کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔ اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی فیڈرل کارروائی کی ویڈیوز یا تصاویر ان کے دفتر کو ارسال کریں تاکہ ممکنہ غیر قانونی گرفتاریوں یا دھمکیوں کی تحقیقات کی جا سکیں۔