نیوجرسی: ریاستی گورنر کے ریپبلیکن امیدوار جیک شیڈرئیلی کے اعزاز میں میٹ اینڈ گریٹ
نیوجرسی(رپورٹ: عدنان خواجہ) نیوجرسی میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی معروف شخصیت ڈاکٹر ابرار ندیم نے ریاستی گورنر کے ری پبلیکن امیدوار جیک شیڈرئیلی کے اعزاز میں میٹ اینڈ گریٹ کا اہتمام کیا۔تقریب کے اختتام پر پاکستان کے معروف قوالوں نے محفل کو چار چاند لگادیے۔
امریکی میں انتخابی گہما گہمی اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے۔ نیوجرسی میں گورنر کے عہدے لیے ری پبلیکن پارٹی کے امیدوار جیک شیڈرئیلی کے اعزاز میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی معروف شخصیت ڈاکٹر ابرار ندیم نے میٹ اینڈ گریٹ کا انعقاد کیا جس میں کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک ہوئی ۔ شرکاء سے خطاب میں ڈاکٹر ابرار کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ اپنی کمیونٹی کی بہتری کا سوچا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ مسلم کمیونٹی کو اسلامک اسکولوں کے لیے اضافی اخراجات برداشت نہ کرنا پڑیں۔میٹ اینڈ گریٹ میں سیاسی ، سماجی اور کاروباری حلقوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ حاضرین سے خطاب میں گورنر کے امیدوار جیک شیڈرئیلی نے اپنا انتخابی منشور اور پالیسی ووٹرز کے سامنے رکھی۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم کمیونٹی نے ہر شعبے میں اپنا نام پید اکیا ہے، یقین دلاتا ہوں کامیاب ہوا تو ریاست کو بہترین اور مثالی بنا ئیں گے ۔میٹ اینڈ گریٹ کے شرکاء کو محضوظ کرنے کے لیے معروف روپ سنتو کو بھی مدعو کیا گیا، قوالوں نے مرحوم استاد نصرت فتح علی خان کے کلام پیش کیے تو حاضرین جھوم اٹھے ۔میٹ اینڈ گریٹ کے شرکا نے گورنر کے امید وار اور اپنے مہمان جیک شیڈ رئیلی کو یقین دلایا کہ وہ انتخابی میدان میں ان کی کامیابی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔