گیانا کی پولیس فورس اور نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کی کرکٹ ٹیم کے درمیان فرینڈلی میچ
جنوبی امریکی ملک گیانا کی پولیس فورس اور نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کی کرکٹ ٹیم کے درمیان فرینڈلی میچ کھیلا گیا۔ گیانا پولیس کی ٹیم نے فتح اپنے نام کرلی۔
جارج ٹاؤن کا کرکٹ گراؤنڈ ایک خاص میچ کی میزبان بن گیا۔ امریکا سے آئے ہوئے نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے وفد میں شامل ان کی کرکٹ ٹیم اور گیانا پولیس فورس کی ٹیم کے درمیان ایک روایتی دوستانہ میچ کھیلا گیا۔گیانا پولیس فورس کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کا آغاز کیا۔ یہ میچ ایسے موقع پر کھیلا گیا جب نیویارک پولیس کا وفد اپنے گیانا نژاد سابق افسر رانڈولف ہولڈر کی دسویں برسی کے موقع پر گیانا پہنچا۔رانڈولف ہولڈر 2015 میں نیویارک میں دورانِ ڈیوٹی فائرنگ کے ایک واقعے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔۔ گیانا کے صدر محمد عرفان علی بھی کرکٹر کے روپ میں پہنچے ۔نہ صرف بلے بازی کی بلکہ این وائے پی ڈی کے ایک کھلاڑی کو بھی آوٹ کیا۔ اس مقابلے کا مقصد صرف جیت نہیں بلکہ کھیل کے ذریعے دوستی اور تعلقات کو مضبوط بنانا تھا۔گیانا کے صدر محمد عرفان کا کہنا تھا کہ رانڈولف ہولڈر جیسے افسر ہمارے لیے ہیرو ہیں اور یہ میچ ہماری دوستی اور باہمی احترام کی علامت ہے۔دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے میچ کو بھرپور انجوائے کیا۔نیویارک پولیس میں موجودہ انسپکٹر عدیل رانا جو 2008 میں کمیونٹی افیئرز بیورو میں تعینات تھے انھوں نے اس وقت این وائے پی ڈی میں کرکٹ کی بنیاد رکھی۔کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک کرکٹ میچ نہیں بلکہ دو پولیس فورسز کے درمیان بھائی چارے اور تعاون کی مثال ہے۔ این وائے پی ڈی کی ٹیم نے دفاعی پوزیشن پر بیٹنگ شروع کی لیکن گیانا پولیس فورس کے باولر بازی لے گئے اور فتح اپنے نام کرلی۔ کرکٹرز کا کہنا تھا کہ یہاں صرف کھیلنے نہیں آئے بلکہ اپنے ساتھی رانڈولف کی یاد میں اپنے گیانی بھائیوں کے ساتھ وقت گزارنے آئے ہیں۔میچ کے اختتام پر فاتح ٹیم اور نمایاں کھلاڑیوں میں ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔