
نیویارک میں بریسٹ کینسر کے خلاف آگاہی مہم ’’میکنگ اسٹرائیڈز اگینسٹ بریسٹ کینسر‘‘ کے تحت سالانہ واک کا انعقاد کیا گیا۔
نیویارک سٹی کے سینٹرل پارک اور لانگ آئی لینڈ کے جونس بیچ پر ہونے والی اس واک میں ہزاروں کینسر سے صحتیاب افراد، ان کے اہلِ خانہ، دوست اور نگہداشت کرنے والے افراد شریک ہوئے۔تقریب صبح آٹھ بجے سینٹرل پارک میں شروع ہوئی، جہاں شرکاء نے گلابی رنگ کے ربن اور بینرز تھام کر بریسٹ کینسر کے خلاف جدوجہد کے عزم کا اظہار کیا۔ لانگ آئی لینڈ میں اس سال 32 ویں سالانہ واک منعقد کی گئی، جس میں خواتین کے ساتھ مردوں نے بھی بھرپور شرکت کی۔ ماہرین کے مطابق امریکا میں ہر سال تقریباً 3 ہزار مردوں میں بھی بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوتی ہے۔امریکن کینسر سوسائٹی نے واک کے مقام پر معلوماتی اسٹالز لگائے جہاں عوام کو اس بیماری کی وجوہات، علاج اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ تنظیم کے نمائندے اسٹیفن کیونا کے مطابق، معاشرتی آگاہی، ابتدائی اسکریننگ اور علاج کی بروقت فراہمی کے باعث بریسٹ کینسر سے اموات میں نمایاں کمی آئی ہے۔امریکن کینسر سوسائٹی 1998 سے اب تک بریسٹ کینسر ریسرچ پر 600 ملین ڈالر سے زائد خرچ کر چکی ہے اور ’’ہوپ لاج‘‘ اور ’’روڈ ٹو ریکوری‘‘ جیسے پروگراموں کے ذریعے مریضوں اور ان کے خاندانوں کو مفت سہولیات فراہم کر رہی ہے۔