
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جیولوجیکل سروے آف پاکستان کی جدید سائنس ایڈوانسڈ ریسرچ لیبارٹریز (GARL) کا باضابطہ افتتاح کیا۔ تقریب میں چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء اور غیر ملکی شخصیات نے بھی شرکت کی۔
اس منصوبے کا بنیادی مقصد پاکستان کی معدنی تحقیق کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ اور معدنی وسائل کے شعبے کی ترقی کی جانب حکومتی توجہ مرکوز کرنا ہے۔چک شہزاد میں قائم اس جدید ترین لیبارٹری کمپلیکس کو ISO/IEC 17025 کی منظوری حاصل ہو گئی ہے، جو اس کی جانچ اور کیلیبریشن کی تکنیکی مہارت کو عالمی معیار کے مطابق تسلیم کرتی ہے۔ اس پیش رفت کے نتیجے میں لیبارٹری اب کان کنی کی کمپنیوں کو JORC اور NI 43-101 رپورٹنگ معیارات کے تحت ذخائر کے تخمینے کے لیے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تجزیاتی ڈیٹا فراہم کر سکے گی۔جیولوجیکل سروے آف پاکستان کے حکام کے مطابق، اس اپ گریڈیشن اور سرٹیفکیشن سے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا کیونکہ یہ لیبارٹری ایسے معتبر ڈیٹا کی فراہمی کو یقینی بنائے گی جس پر بین الاقوامی کان کنی کمپنیاں اور مالیاتی ادارے بڑے منصوبوں کے لیے انحصار کرتے ہیں۔ تین دہائیوں پر محیط اپنے شاندار ماضی کی بنیاد پر یہ ادارہ اب ایک جدید ترین تحقیقی سہولت کے طور پر معدنی شعبے کی بدلتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے خدمات انجام دے گا۔