vosa.tv
Voice of South Asia!

 شکاگو: پاکستانی کمیونٹی کے اعزاز میں خوبصورت شام، نئے قونصل جنرل زمان مہدی کا پرتپاک استقبال

0

شکاگو (رپورٹ: سید خلیل اللہ)پاکستانی ڈپٹی قونصل جنرل سعید علی اور مسز روبینہ سعید کی جانب سے الینوائے کے معروف ترک ریسٹورنٹ "اے تھاؤزنڈ ٹیلز” میں شکاگولینڈ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے ایک خوبصورت شام کا اہتمام کیا گیا، جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ایک سو سے زائد افراد نے شرکت کی۔

اس تقریب کا مقصد پاکستان کے سبکدوش ہونے والے قونصل جنرل طارق کریم کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور نئے قونصل جنرل محمد زمان مہدی کو خوش آمدید کہنا تھا۔ شرکاء میں ڈاکٹرز، کاروباری شخصیات، پاکستانی نمائندے اور سماجی رہنما شامل تھے۔ کمیونٹی کے اراکین نے طارق کریم اور ان کی اہلیہ مسز عاصمہ طارق کو ان کی کھلے دروازے کی پالیسی، خلوص اور بہترین خدمات کے لیے زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ڈپٹی قونصل جنرل سعید علی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد زمان مہدی کو شکاگو آمد پر خوش آمدید کہا اور ان کے بین الاقوامی سفارتی تجربے کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ شکاگو میں پاکستانی کمیونٹی کے لیے بہترین خدمات انجام دیں گے۔ طارق کریم نے اپنی تقریر میں کمیونٹی کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ شکاگو میں گزرا ساڑھے چار سال کا عرصہ ان کی زندگی کا ناقابلِ فراموش حصہ رہے گا۔قونصل جنرل محمد زمان مہدی نے اپنے خطاب میں اس پُرمحبت استقبال پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ کمیونٹی کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم کرتے ہوئے اس کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور کوششیں کریں گے۔ تقریب خوشگوار ماحول میں باہمی گفتگو اور فوٹو سیشن کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.