vosa.tv
Voice of South Asia!

 نیویارک میں 400 ڈالر تک کے انفلیشن ریفنڈ چیکس کی تقسیم شروع

0

 نیویارک ریاست میں ’’انفلیشن ریفنڈ‘‘ پروگرام کے تحت 3.53 ملین شہریوں کو 400 ڈالر تک کے چیکس جاری کیے جا رہے ہیں۔ یہ اقدام گورنر کیتھی ہوکل کی قیادت میں مہنگائی کے دباؤ سے نمٹنے اور متوسط طبقے کو فوری مالی مدد فراہم کرنے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔

ریاستی حکام کے مطابق چیکس کی ترسیل کا عمل شروع ہو چکا ہے، جو نومبر تک جاری رہے گا۔ روزانہ تقریباً دو لاکھ چیکس مختلف علاقوں میں بھیجے جا رہے ہیں۔ تمام اہل افراد کو یہ چیکس خودکار طریقے سے ان کے 2024 کے اسٹیٹ انکم ٹیکس ریٹرن میں درج پتے پر موصول ہوں گے۔ رقم براہ راست بینک اکاؤنٹس میں منتقل نہیں کی جائے گی، بلکہ ڈاک کے ذریعے ہی فراہم کی جائے گی۔ اگر کوئی شہری پتہ تبدیل کر چکا ہے، تو وہ نیویارک اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ آف ٹیکسیشن اینڈ فنانس کی ویب سائٹ پر اپنا پتہ اپڈیٹ کر سکتا ہے۔اہلیت 2023 کے انکم ٹیکس ریٹرن کی بنیاد پر طے کی گئی ہے۔ جو شادی شدہ جوڑے 150,000 ڈالر یا اس سے کم آمدنی رکھتے ہیں، انہیں 400 ڈالر کا چیک دیا جائے گا، جبکہ وہ جوڑے جن کی آمدنی 150,000 سے 300,000 ڈالر کے درمیان ہے، انہیں 300 ڈالر ملیں گے۔ سنگل فائلرز کے لیے 75,000 ڈالر سے کم آمدنی پر 200 ڈالر، اور 75,000 سے 150,000 ڈالر کے درمیان آمدنی پر 150 ڈالر کا چیک مقرر کیا گیا ہے۔چیکس خودکار طور پر بھیجے جا رہے ہیں، اس لیے کسی رجسٹریشن یا فارم بھرنے کی ضرورت نہیں۔ تاہم، وفاقی قانون کے تحت یہ رقم ٹیکس ایبل ہوگی، یعنی نیویارک اسٹیٹ کے لیے ٹیکس سے مستثنیٰ ہے مگر وفاقی سطح پر اس کی رپورٹنگ لازمی ہوگی۔حکام نے شہریوں کو فراڈ سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ریاست نے خبردار کیا ہے کہ بعض جعل ساز جعلی میل، ٹیکسٹ یا کالز کے ذریعے شہریوں سے بینک کی تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ نیویارک اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ آف ٹیکسیشن اینڈ فنانس شہریوں کو یاد دہانی کروا رہا ہے کہ حکومت کسی بھی صورت میں ذاتی یا بینکنگ معلومات طلب نہیں کرے گی۔اگر کسی کو مشکوک پیغام یا میل موصول ہو تو وہ متعلقہ حکام کو رپورٹ کر کے اپنے آپ کو مالی دھوکے سے بچا سکتے ہیں۔ یہ پروگرام ریاستی حکومت کے مطابق لاکھوں شہریوں کے لیے مہنگائی کے بوجھ میں وقتی ریلیف فراہم کرے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.