vosa.tv
Voice of South Asia!

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے، 1.2 ارب ڈالر کی راہ ہموار

0

اسلام آباد: پاکستان کے لیے معیشت کے محاذ پر بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور پاکستان کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا ہے۔

 ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو ایک اعشاریہ دو ارب ڈالر کی قسط موصول ہوگی، جسے محض ایک رسمی کارروائی قرار دیا جا رہا ہے۔آئی ایم ایف کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق توسیعی فنڈ سہولت (EFF) کے تحت پاکستان کا اقتصادی پروگرام بتدریج استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے اور مارکیٹ کے اعتماد میں نمایاں بحالی دیکھنے میں آئی ہے۔ مالی سال 2025 میں پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ چودہ سال بعد پہلی بار سرپلس میں رہا، مالی توازن پروگرام کے اہداف سے بہتر رہا، افراط زر میں کمی آئی، اور زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں بہتری دیکھی گئی۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی شرح نمو تین اعشاریہ دو پانچ سے تین اعشاریہ پانچ فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔اعلامیے میں پاکستان کے ماحولیاتی اصلاحاتی پروگرام کو بھی سراہا گیا۔ آئی ایم ایف نے کہا کہ ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے جامع پالیسیوں اور اصلاحات پر تسلسل کے ساتھ عمل درآمد ضروری ہے۔ ادارے نے تسلیم کیا کہ حکومت توانائی کے شعبے میں پائیداری، مالی نظم و ضبط اور ساختی اصلاحات کے ایجنڈے کو سنجیدگی سے آگے بڑھا رہی ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے اس کامیابی کو پاکستانی معیشت کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا۔ وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسٹاف لیول معاہدہ پاکستان کے معاشی استحکام اور بہتر معاشی اشاریوں کا عکاس ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کا اعتماد حکومتی پالیسیوں اور اداری اصلاحات کی درست سمت کا ثبوت ہے، اور حکومت ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.