
اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب ہونے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کا اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں انتخاب، عالمی سطح پر ملک کے مؤثر اور فعال کردار کا ثبوت ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے کونسل میں فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان انسانی حقوق کے عالمی اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے دنیا میں امن، انصاف اور برابری کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔سرکاری خبر رساں ادارے ’’اے پی پی‘‘ کے مطابق اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے پاکستان کو 2026 سے 2028 کی مدت کے لیے انسانی حقوق کونسل (ایچ آر سی) کا رکن منتخب کیا ہے۔ پاکستان نے یہ نشست بھاری اکثریت سے 178 ووٹ حاصل کر کے جیتی۔ کونسل کی رکنیت یکم جنوری 2026 سے شروع ہوگی۔دفتر خارجہ کے مطابق یہ چھٹی مرتبہ ہے کہ پاکستان انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب ہوا ہے۔ ایچ آر سی کے 2006 میں قیام کے بعد سے پاکستان نے ہمیشہ عالمی سطح پر انسانی وقار، مساوات، اور انسانی آزادیوں کے تحفظ کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔