پاکستان یونائیٹڈ کلب شکاگو کی سالانہ حلیم پارٹی، کمیونٹی کے اتحاد کی علامت قرار
شکاگو(رپورٹ: سید خلیل اللہ) پاکستان یونائیٹڈ کلب شکاگو نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے اتوار، 12 اکتوبر 2025 کو جمیل احمد خان ریذیڈنٹ کے عقبی صحن میں سالانہ دعوتِ حلیم کا اہتمام کیا۔ یہ تقریب گزشتہ دس برسوں سے باقاعدگی سے منعقد کی جا رہی ہے۔
گریٹر شکاگو اور مضافاتی کاؤنٹیز سے 150 سے زائد کمیونٹی ممبران نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ شرکت کی اور جمیل احمد خان و اُن کے ساتھیوں کے تیار کردہ لذیذ کراچی طرز کے حلیم سے لطف اندوز ہوئے۔ شرکاء نے اس موقع پر پاکستان یونائیٹڈ کلب کی اس روایت کو کمیونٹی یکجہتی کی مضبوط علامت قرار دیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میزبان جمیل احمد خان نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان یونائیٹڈ کلب شکاگو کی ٹیم اور مین اسپانسرز کا تعارف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب ہر سال پاکستانی امریکن کمیونٹی کے تمام افراد کو متحد کرنے کے لیے منعقد کی جاتی ہے، چاہے اُن کی کوئی بھی سیاسی، مذہبی یا لسانی وابستگی ہو۔تقریب میں کاروباری شخصیات، سماجی رہنما اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے کہا کہ پاکستان یونائیٹڈ کلب شکاگو ثقافت، روایات اور مہمان نوازی کے فروغ کے ذریعے کمیونٹی کو قریب لا رہا ہے۔ تقریب میں مہمانوں کو ڈبل کا میٹھا اور سوجی کا حلوہ بھی پیش کیا گیا، جس سے شرکاء نے بھرپور لطف اٹھایا۔