
انڈونیشیا کے صدر پرابوو سبیانتو نے مصر میں غزہ جنگ پر منعقدہ سربراہی اجلاس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اُن کے بیٹے ایرک ٹرمپ سے ملاقات کی درخواست کی، جو مائیک پر اتفاقاً ریکارڈ ہوگئی۔
یہ گفتگو اس وقت ہوئی جب دونوں رہنما شرم الشیخ میں عالمی رہنماؤں کے ساتھ امریکی ثالثی سے طے پانے والے اسرائیل و حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے بعد ملاقات کر رہے تھے۔ ویڈیو فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ٹرمپ اور پرابوو گفتگو کر رہے ہیں مگر انہیں علم نہیں تھا کہ مائیک آن ہے۔ریکارڈ شدہ آڈیو میں پرابوو نے کہا: “کیا میں ایرک سے مل سکتا ہوں؟” جس پر ٹرمپ نے جواب دیا: “میں ایرک سے کہوں گا کہ وہ آپ کو کال کرے، وہ بہت اچھا لڑکا ہے۔” پرابوو نے کہا، “ہم بہتر جگہ دیکھ لیں گے”، جس پر ٹرمپ نے پھر کہا، “میں ایرک کو کال کرنے کو کہوں گا۔”پرابوو نے آخر میں کہا: “ایرک یا ڈان جونیئر۔” واضح رہے کہ ایرک ٹرمپ اور ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر دونوں ٹرمپ آرگنائزیشن کے ایگزیکٹیو نائب صدر ہیں، جو ریئل اسٹیٹ، مہمان داری اور بلاک چین منصوبوں میں سرگرم ہے۔وائٹ ہاؤس اور واشنگٹن میں انڈونیشین سفارت خانے نے اس گفتگو پر تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا۔