
نیو جرسی: نارتھ ایسٹر طوفان کے بعد پیر کی شب اور منگل کی صبح نیویارک، نیو جرسی اور کنیکٹی کٹ کے ساحلی علاقے شدید بارش، تیز ہواؤں اور سمندری لہروں کے باعث مشکلات کا شکار رہے۔ ہزاروں افراد بجلی سے محروم ہو گئے جبکہ متعدد مقامات پر درخت گرنے اور سڑکوں کے زیرِ آب آنے سے آمد و رفت متاثر ہوئی۔
نیو جرسی کے ساحلی علاقوں، خاص طور پر مونو مَتھ کاؤنٹی کے سی برائٹ اور پوائنٹ پلیزنٹ میں بلند لہروں اور طغیانی کے باعث گھروں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ میئر برائن کیلی کے مطابق بعض شہری گھروں میں محصور ہو گئے کیونکہ شمال مشرقی ہوائیں دریا کے پانی کو واپس جانے نہیں دیتیں۔ بجلی کی کمپنی نیو جرسی سینٹرل پاور اینڈ لائٹ کے نمائندے ڈینس پاواگادھی نے خبردار کیا کہ ٹوٹے ہوئے بجلی کے تاروں سے دور رہیں اور فوری طور پر ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔لانگ آئی لینڈ کے فری پورٹ علاقے میں تیز ہوا اور موسلادھار بارش نے تجارتی مرکز کو ویران کر دیا، جہاں تین ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہو گئے۔ نیویارک سٹی کے علاقے کوئنز میں بیچ 60ویں اسٹیشن اور راک اوے بیچ کے قریب سڑکوں پر کئی انچ پانی جمع ہوا۔ ایک درخت کے گرنے سے اے ٹرین سروس متاثر ہوئی، تاہم عملے نے فوری طور پر ملبہ ہٹا کر سروس بحال کر دی۔اسی دوران، نیویارک کی گورنر کیتھی ہوکل نے شہر، لانگ آئی لینڈ اور ویسٹ چیسٹر میں ہنگامی حالت نافذ کر دی، تاکہ ممکنہ خطرات سے نمٹنے اور امدادی کارروائیوں کو تیز کیا جا سکے۔