vosa.tv
Voice of South Asia!

نارتھ ایسٹر طوفان: نیو جرسی میں ہنگامی حالت، الاسکا میں سیلاب سے تباہی

0

 امریکا کے مشرقی ساحلی علاقوں میں نارتھ ایسٹر طوفان کے باعث اتوار کو شدید بارشوں، تیز ہواؤں اور ساحلی سیلاب نے نظامِ زندگی متاثر کر دیا، جب کہ دوسری جانب الاسکا کے مغربی علاقوں میں سمندری طوفان ہالونگ کی تباہ کاریاں جاری ہیں، جہاں کئی مکانات پانی میں بہہ گئے۔

الاسکا کے قصبوں کیپنوک اور کویگلنگوک میں کم از کم 20 افراد لاپتہ بتائے جا رہے ہیں۔ ریاستی ایمرجنسی ڈویژن کے ترجمان کے مطابق بعض گھروں کو پانی بہا کر لے گیا، جن میں ممکنہ طور پر لوگ موجود تھے۔ اب تک 8 گھروں کی تباہی کی تصدیق ہو چکی ہے، جب کہ سیکڑوں افراد اسکولوں میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔الاسکا کے گورنر مائیک ڈنلیوی نے کہا کہ ’’متاثرہ علاقوں تک امداد بھیجی جا رہی ہے، ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔‘‘ شدید ہواؤں اور بلند لہروں کے باعث بیٹل، نیپاسکیاک اور نیپاکیاک میں بجلی اور سڑکوں کا نظام متاثر ہوا، جب کہ ہوائی اڈے کی رن وے پر ملبہ جمع ہو گیا۔دوسری جانب نیو جرسی میں ہفتہ کی رات سے ایمرجنسی نافذ ہے، جو پیر تک برقرار رہے گی۔ ریاستی گورنر نے تمام ایمرجنسی عملے کو الرٹ کر دیا ہے۔ نیویارک کی گورنر کیتھی ہوکل نے بھی ریاست کے جنوبی حصے کی آٹھ کاؤنٹیوں میں ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت دی۔محکمۂ موسمیات کے مطابق، بعض علاقوں میں 5 انچ (13 سینٹی میٹر) تک بارش، 60 میل فی گھنٹہ (97 کلومیٹر) تک کی ہوائیں اور سمندری طغیانی کا خدشہ ہے، جس سے ساحلی کٹاؤ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ڈیلاویئر میں بڑھتے پانی کے باعث نیشنل گارڈ کو متحرک کر دیا گیا ہے، جب کہ باؤرز بیچ میں رضاکارانہ انخلا کی ہدایت دی گئی ہے۔ شمالی کیرولائنا کے ساحلی علاقے آؤٹر بینکس میں سمندری لہروں نے سڑکوں کو لپیٹ میں لے لیا اور کئی مکانات کو نقصان پہنچا۔جنوبی کیرولائنا کے علاقے جارج ٹاؤن کاؤنٹی میں کئی گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں، جہاں امدادی اہلکاروں نے متعدد افراد کو نکالا۔ چارلسٹن شہر میں بھی سڑکیں بند کر دی گئیں، جب کہ مرٹل بیچ میں نکاسی آب کا نظام ناکام ہو گیا۔امریکی فضائی اڈوں واشنگٹن سے بوسٹن تک پروازوں میں تاخیر اور منسوخی کی اطلاعات ملی ہیں۔ طوفان کے پیر کی رات تک مشرقی ساحل سے گزرنے کی توقع ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.