
ریاست کیرولائنا کے ساحلی علاقے سینٹ ہیلینا آئی لینڈ میں اتوار کی صبح ایک مصروف بار میں فائرنگ کے واقعے میں چار افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ ایک ایسے جزیرے پر پیش آیا جو امریکا کی سب سے بڑی گَلاہ کمیونٹی کا مرکز سمجھا جاتا ہے۔فائرنگ کا واقعہ ولی’ز بار اینڈ گرل میں پیش آیا، جہاں اس وقت ایک ہائی اسکول الومنی ایونٹ جاری تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق، بار کے اندر موجود درجنوں افراد نے اچانک باہر سے ’’وقفے وقفے سے فائرنگ‘‘ کی آوازیں سنیں، جس کے بعد وہاں خوف و ہراس پھیل گیا۔بیوفورٹ کاؤنٹی شیرف آفس کے مطابق، متعدد افراد گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے جبکہ کئی لوگ قریبی دکانوں اور عمارتوں میں پناہ لینے کے لیے دوڑ پڑے۔ پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’یہ ایک افسوسناک اور تکلیف دہ واقعہ ہے۔ ہم تحقیقات کر رہے ہیں اور متاثرین کے اہلِ خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔‘‘زخمیوں میں سے چار افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے، جبکہ حکام نے تاحال ہلاک شدگان کے نام ظاہر نہیں کیے۔ بار کے مالک ولی ٹرال کے مطابق، ’’لوگ خوشی سے ایونٹ میں شریک تھے کہ اچانک گولیاں چلنے لگیں۔ اندر موجود لوگوں کو کچھ سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ باہر کیا ہو رہا ہے۔‘‘