سفارت خانہ پاکستان کے قونصلر توصیف خاور کے اعزاز میں الوداعی تقریب
ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں معروف سیاسی و سماجی شخصیت عدنان اقبال بٹ کی جانب سے سفارت خانہ پاکستان کے سبکدوش ہونے والے قونصلر توصیف خاور کے اعزاز میں ایک الوداعی تقریب منعقد کی گئی، جس میں سفارتی افسران، کمیونٹی رہنماؤں اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران مقررین نے توصیف خاور کی سفارتی خدمات اور پاکستانی کمیونٹی کے لیے ان کی گرانقدر کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے منصب کے دوران نہایت پیشہ ورانہ لگن، اخلاق اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر توصیف خاور نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات دو قالب ایک جان کی مانند ہیں اور انہیں سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ کام کر کے بے حد خوشی ہوئی۔
تقریب میں سفارت خانہ پاکستان کے پریس قونصلر حسیب سلطان، شیخ سعید احمد، ملک بلال احمد سمیت دیگر معزز مہمان بھی شریک ہوئے۔