ڈیرہ اسماعیل خان: خیبر پختونخوا کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ اسکول پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز کے مطابق حملے میں چھ دہشت گرد مارے گئے جبکہ پولیس کے سات جوان شہید ہوئے۔گزشتہ شب دہشت گردوں نے بارود سے بھرا ٹرک اسکول کے مرکزی دروازے سے ٹکرایا، جس کے بعد مختلف یونیفارمز میں ملبوس حملہ آور عمارت کے اندر داخل ہوگئے۔ پولیس اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو گھیر لیا، جس کے دوران دستی بموں اور خودکار ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے پانچ گھنٹے طویل مشترکہ آپریشن کے بعد علاقے کو کلیئر قرار دے دیا۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے خودکش جیکٹس، بھاری اسلحہ، بارودی مواد اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ پولیس کے مطابق سات اہلکار شہید اور سات زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔انسپکٹر جنرل پولیس نے کہا کہ تمام عمارتوں کی مکمل تلاشی کے بعد علاقے کو محفوظ قرار دے دیا گیا ہے جبکہ سرچ اینڈ کلین آپریشن بدستور جاری ہے۔