vosa.tv
Voice of South Asia!

پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی میں اضافہ، دفترِ خارجہ کا محتاط ردعمل

0

اسلام آباد: پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات میں سرد مہری بڑھ کر کشیدگی میں تبدیل ہو گئی ہے۔

کابل میں پاکستان میں مطلوب دہشت گردوں پر مبینہ فضائی حملوں کے بعد دفترِ خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ میں ان حملوں کی براہِ راست تصدیق سے گریز کیا اور کہا کہ سیکیورٹی آپریشنز کا مقصد شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان، افغانستان کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کابل کے ساتھ بات چیت اور تعاون جاری رکھنا چاہتا ہے۔ ترجمان کے مطابق، پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور سرحد پار دہشت گردی کے مسئلے کے حل کے لیے دونوں ممالک کے درمیان رابطہ ضروری ہے۔دوسری جانب، بھارت کے دورے پر موجود افغان وزیرِ خارجہ امیر خان متقی نے کابل میں مبینہ فضائی حملوں کو پاکستان کی "غلطی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو سوویت یونین، برطانیہ اور امریکہ سے افغانوں کی تاریخ کے بارے میں سبق لینا چاہیے۔اطلاعات کے مطابق، افغانستان میں ہونے والے ان حملوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے سربراہ نور ولی محسود کے ہلاک ہونے کی متضاد خبریں سامنے آئی ہیں۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ افغانستان کی سرزمین مسلسل پاکستان پر دہشت گردانہ حملوں کے لیے استعمال کی جا رہی ہے، اور اس سلسلے میں مصدقہ شواہد نہ صرف عالمی برادری بلکہ کابل حکومت کے ساتھ بھی شیئر کیے جا چکے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.