vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک: ضرورت مند افراد کی بحالی کے لیے جاری “پاتھ پروگرام” کو 1 سال مکمل

0

نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز کے سب وے نظام میں بے گھر اور ضرورت مند افراد کی بحالی کے لیے شروع کیے گئے “پاتھ پروگرام” کو ایک سال مکمل ہوگیا۔ 

نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے “پاتھ پروگرام” کی پہلی سالگرہ کے موقع پر بتایا کہ اس منصوبے کے تحت ایک سال میں 20 ہزار سے زائد رابطے کیے گئے جبکہ 6 ہزار سے زیادہ نیویارکرز کو صحت، خوراک، رہائش اور ذہنی علاج جیسی سہولتیں فراہم کی گئیں۔ اس پروگرام کے ذریعے اب تک 1900 بے گھر افراد کو سب وے سے نکال کر پناہ گاہوں میں منتقل کیا جا چکا ہے۔یہ منصوبہ ایڈمز انتظامیہ کی “اینڈ دا کلچر آف اینی تھنگ گوز” مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد عوامی مقامات پر بدنظمی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ ذہنی امراض میں مبتلا شہریوں کو بروقت اور مؤثر مدد فراہم کرنا ہے۔ میئر ایڈمز کے مطابق، شہر نے واضح پیغام دیا ہے کہ اب سڑکوں اور سب وے میں کسی ضرورت مند کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔پاتھ ٹیموں میں پولیس افسران، ہیلتھ ورکرز، اور سماجی خدمات کے اہلکار شامل ہیں جو رات 8 بجے سے دوپہر 12 بجے تک مین ہٹن کے اسٹیشنوں اور ٹرینوں میں گشت کرتے ہیں۔ یہ ٹیمیں بے گھر افراد سے رابطہ کر کے انہیں کھانا، پناہ، طبی سہولت یا ذہنی علاج کے لیے اسپتال منتقل کرتی ہیں۔پولیس کمشنر جیسیکا ٹش کے مطابق، ایک سال میں اس مشترکہ حکمتِ عملی کے نمایاں نتائج سامنے آئے ہیں، ہزاروں افراد کو مدد ملی ہے اور سب وے میں جرائم کی شرح تاریخی طور پر کم ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ میئر ایڈمز نے کہا کہ یہ پروگرام ثابت کرتا ہے کہ رحم دلی، انصاف اور سلامتی ایک ساتھ ممکن ہیں، اور یہ اقدام نیویارک کو ایک زیادہ محفوظ، مہربان اور بہتر شہر بنانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.