عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ محدود وسائل میں شاندار خدمات انجام دے رہا ہے، عبدالماجد یوسفانی
کراچی – مشیر وفاقی ٹیکس محتسب حکومتِ پاکستان عبدالماجد یوسفانی نے کہا ہے کہ اگر انسان خلوصِ نیت اور جذبۂ خدمت کے ساتھ کام کرے تو اللہ تعالیٰ خود اسباب پیدا کرتا ہے اور بڑے سے بڑے کام میں آسانی عطا فرماتا ہے۔
عبدالماجد یوسفانی نے اپنے دورۂ عالمگیر ٹرسٹ کے موقع پر ادارے کی فلاحی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مختصر وسائل کے باوجود یہ ادارہ جس خلوص اور لگن سے عوامی خدمت میں مصروفِ عمل ہے، وہ قابلِ تحسین ہے۔ اس موقع پر تاجر راہنما اور سی ای او اسکل اسٹن افضال احمد صدیقی بھی ان کے ہمراہ تھے، جنہوں نے کہا کہ ان کا ٹرسٹ سے تیس برس پر محیط مضبوط تعلق ہے اور یہ ادارہ پیدائش سے لے کر زندگی کے آخری مراحل تک انسانیت کی بے لوث خدمت کر رہا ہے۔ چیئرمین ٹرسٹ چودھری نثار احمد، جنرل سیکریٹری شمیم احمد چاندنہ، ڈائریکٹر ریحان یاسین، ٹرسٹی ندیم احمد اور سی او او نثار احمد نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں ادارے کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ مہمانوں نے مستحق بچیوں میں جہیز کا سامان تقسیم کیا اور ان کے خوشحال مستقبل کے لیے دعا کی۔