سعودی عرب: پیر فاروق بہاو الحق شاہ کے اعزاز میں عالمی حلقہ فکروفن کی اعزازی تقریب
ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں عالمی حلقہ فکروفن کی جانب سے معروف علمی و سماجی شخصیت پیر فاروق بہاو الحق شاہ کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سفارتی افسران، پاکستانی کمیونٹی اراکین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیر فاروق بہاو الحق شاہ نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ جب بھی قوم نے اتحاد کا مظاہرہ کیا، ملک نے ترقی و کامیابی کی نئی منازل طے کیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران قوم نے بہادری اور یکجہتی سے دشمن کا مقابلہ کیا اور افواجِ پاکستان نے دشمن کو عبرت ناک شکست سے دوچار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج بھی ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام سیاسی و قومی قیادتیں ملکی ترقی، خوشحالی اور استحکام کی پالیسیوں پر متفق ہو کر آگے بڑھیں۔تقریب سے عالمی حلقہ فکروفن کے صدر وقار نسیم وامق، ڈپٹی جنرل سیکریٹری کامران حسانی، قاضی اسحاق میمن، شیخ ارشد، عدنان اقبال بٹ، مظہر اقبال بھٹی، ڈاکٹر خالد، فریاد چوہدری، رانا رئوف، سید ثاقب زبیر اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ دفاعی معاہدے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات ایک نئی سمت اختیار کر چکے ہیں، جو قیادتوں سے آگے بڑھ کر عوامی سطح پر مضبوط تعلقات کی بنیاد بن چکے ہیں۔سفارت خانہ پاکستان کے پریس اتاشی حسیب سلطان اور قونصلر توصیف خاور نے کہا کہ سعودی عرب میں عالمی حلقہ فکروفن نے نہ صرف ادب و ثقافت کے فروغ بلکہ سماجی و کمیونٹی سطح پر مثبت سرگرمیوں کے فروغ میں بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے۔