ٹیکساس: امریکی بارڈر پیٹرول نے ریاست ٹیکساس میں ایک سبزیوں سے لدے ٹرک سے 55 غیر قانونی تارکینِ وطن کو برآمد کر لیا۔
امریکی کسٹمز اور بارڈر پروٹیکشن کے مطابق، زاپاتا کاؤنٹی میں روکے گئے اس ٹرک کے خفیہ خانے میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد چھپائے گئے تھے۔حکام کے مطابق گرفتار ہونے والے دو افراد میں سے ایک اسمگلر خود بھی غیر قانونی تارکِ وطن ہے۔ ڈرائیور کی شناخت 43 سالہ برینڈن لاجون ہارگرو کے طور پر ہوئی جو ہیوسٹن کا رہائشی ہے، جبکہ دوسرا ملزم 21 سالہ لوئس کاسٹیانوس ہرکیولس ہے جس کا تعلق ہونڈوراس سے ہے۔ٹرک کی تلاشی کے دوران 55 افراد، جن میں تین 17 سال سے کم عمر بچے بھی شامل تھے، دریافت کیے گئے۔ یہ افراد گواتمالا، میکسیکو، وینیزویلا، ہونڈوراس، ایل سلواڈور، چین، بھارت، کولمبیا اور ایکواڈور سے تعلق رکھتے تھے۔ حکام کے مطابق، انہیں انتہائی خطرناک حالات میں اسمگل کیا گیا تھا جس سے ان کی جانوں کو شدید خطرہ لاحق تھا۔ امریکی بارڈر پیٹرول کے سینئر ایڈوائزر رونلڈ ڈی ویٹیلو نے کہا کہ “یہ واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ اسمگلرز انسانی جانوں کو کس بے دردی سے تجارتی سامان کی طرح استعمال کرتے ہیں۔ ہمارے اہلکاروں کی بروقت کارروائی نے 55 افراد کو ممکنہ موت سے بچا لیا۔ اگر ملزمان پر الزامات ثابت ہو گئے تو انہیں دس سال تک کی قید اور ڈھائی لاکھ ڈالر تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ کچھ تارکینِ وطن پر غیر قانونی داخلے اور دوبارہ داخلے کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔