vosa.tv
Voice of South Asia!

 اقوام متحدہ میں کلائمٹ سمٹ 2025، رکن ممالک کے نئے ماحولیاتی اقدامات پیش

0

 اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی میزبانی میں 24 ستمبر کو نیویارک میں کلائمٹ سمٹ 2025 منعقد ہوا جس میں عالمی رہنماؤں، کاروباری شخصیات اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

 اس اعلیٰ سطحی اجلاس کا مقصد پیرس معاہدے کے تحت نئے قومی ماحولیاتی منصوبے یعنی "نیشنل ڈیٹرمنڈ کنٹری بیوشنز” (NDCs) کی تیاری اور پیشکش کو تیز کرنا تھا۔اجلاس میں واضح کیا گیا کہ سی او پی 30 تک تمام ممالک کو ایسے نئے منصوبے جمع کرانا ہوں گے جو آئندہ دہائی کے لیے جرات مندانہ اقدامات پر مبنی ہوں۔ ان اقدامات کا مقصد ایک منصفانہ، لچکدار اور کم کاربن والا مستقبل تشکیل دینا ہے، جو ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ ساتھ پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔کلائمٹ سمٹ میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے متعدد موضوعاتی ڈائیلاگ کا اہتمام کیا گیا جن میں موسمیاتی اثرات میں کمی، موافقت، مالی وسائل کی فراہمی، معلومات کی شفافیت اور دیگر اہم پہلو شامل تھے۔ شرکاء نے اتفاق کیا کہ مشترکہ کوششوں کے بغیر نہ صرف ماحول بلکہ عالمی معیشت اور انسانی بقا کو بھی شدید خطرات لاحق رہیں گے۔یہ اجلاس دنیا کو اس پیغام کے ساتھ ختم ہوا کہ وقت کم ہے اور عملی اقدامات کے بغیر پیرس معاہدے کے اہداف حاصل نہیں کیے جا سکیں گے۔ اس لیے عالمی قیادت کو فوری اور ٹھوس فیصلے کرنا ہوں گے تاکہ آنے والی نسلوں کو محفوظ ماحول میسر آ سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.