vosa.tv
Voice of South Asia!

 پاکستان اور ہنگری کے وزرائے خارجہ کی ملاقات، تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

0

نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کی اعلیٰ سطحی نشست کے موقع پر نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ہنگری کے وزیرِ خارجہ پیٹر سجیارٹو سے ملاقات کی۔

 اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ کے تناظر میں باہمی روابط کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان کی خواہش ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے۔ انہوں نے ہنگری کے سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے پاکستانی حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ہنگری کے وزیرِ خارجہ نے پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہنگری پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔فریقین نے باہمی سرمایہ کاری کے تحفظ کے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے، سول ایوی ایشن میں تعاون بڑھانے، دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست پروازوں کے آغاز اور سفارتی و سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزہ ختم کرنے کے معاہدے کو جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا۔نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ نے ہنگری کی جانب سے پاکستانی طلبہ کے لیے 400 اسکالرشپس دینے پر شکریہ ادا کیا، جب کہ ہنگری کے وزیرِ خارجہ نے تعلیمی تعاون کے مزید مواقع فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں خطے اور دنیا کے امن و سلامتی کے امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.