بروکلین: فُلٹن مال کوریڈور 80 لاکھ ڈالر کی لاگت سے نیا روپ اختیار کرگیا
نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے ڈاؤن ٹاؤن بروکلین کے معروف شاپنگ کوریڈور "فُلٹن مال” کی تزئین و آرائش کا افتتاح کیا ہے، جس پر 80 لاکھ ڈالر کی لاگت آئی ہے۔
اس منصوبے کے ذریعے علاقے کو مزید سرسبز، پیدل چلنے والوں کے لیے محفوظ اور خوشگوار بنایا گیا ہے۔ بوئرَم پلیس سے فلیٹبُش ایونیو تک فُلٹن اسٹریٹ پر نئے درخت لگائے گئے، پرانے درختوں کے گڑھوں کو وسیع کیا گیا، نئی بینچز نصب کی گئیں۔میئر ایڈمز نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری بروکلین کے مصروف تجارتی مرکز کو ایک جدید اور خوش آمدیدی مقام میں بدل رہی ہے، جس سے مقامی رہائشیوں اور سیاحوں دونوں کو فائدہ ہوگا۔ ڈپٹی میئر اور پبلک ریلم کے افسران نے بھی اس اقدام کو شہری زندگی کو بہتر بنانے کی اہم پیش رفت قرار دیا۔نیو یارک سٹی پارکس کمشنر کے مطابق، اس منصوبے سے شہریوں کو فطرت کے قریب ہونے اور ماحول دوست سہولیات حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ ڈاؤن ٹاؤن بروکلین پارٹنرشپ کے صدر نے کہا کہ صرف ایک سال میں علاقے کے سب سے مصروف تجارتی مرکز کو مزید خوبصورت اور پیدل چلنے والوں کے لیے موزوں بنایا گیا ہے۔یہ منصوبہ ایڈمز انتظامیہ کے ڈاؤن ٹاؤن بروکلین کے عوامی مقامات میں 4 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا حصہ ہے، جس میں ٹرانسپورٹ، پبلک اسپیس اپ گریڈز اور روڈ سیفٹی کے اقدامات شامل ہیں۔