
بروکلین: سیلاب سے بچاؤ کے لیے تعمیراتی کام کا آغاز
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے بروکلین کے علاقے ریڈ ہوک میں 218 ملین ڈالر مالیت کے ایک بڑے عوامی تحفظ منصوبے کا افتتاح کیا ہے۔
اس منصوبے کا مقصد ساحلی سیلاب اور طوفانی لہروں کے خطرات سے رہائشیوں اور کاروباری اداروں کو محفوظ بنانا ہے۔ یہ منصوبہ 2028 تک مکمل کیا جائے گا اور مستقبل میں درجنوں طوفانی نقصانات سے اربوں ڈالر کی بچت متوقع ہے۔ریڈ ہوک کوسٹل ریزیلینسی (RHCR) کے تحت دو میل طویل دفاعی نظام قائم کیا جا رہا ہے، جس میں فلڈ وال، فلڈ گیٹس، نئی سڑکوں کی تعمیر اور نکاسی آب کے نظام میں بہتری شامل ہے۔ اس منصوبے کے بعد علاقے کی سیلاب سے بچاؤ کی صلاحیت موجودہ سطحِ سمندر سے 10 فٹ اوپر تک بڑھ جائے گی۔ مجموعی طور پر ڈیڑھ میل فلڈ وال، آٹھ فلپ اپ گیٹس اور دو رولر گیٹس نصب کیے جائیں گے، جب کہ بعض سڑکوں کو تین فٹ تک بلند کر کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔پروجیکٹ کے ذریعے نہ صرف ساحلی تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا بلکہ علاقے کے عوامی مقامات کو بھی جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ ٹاڈ ٹرائی اینگل کو نیا ڈیزائن دے کر عوامی چوک میں تبدیل کیا جائے گا، بروکلین واٹر فرنٹ گرین وے کو 1.2 میل تک بڑھایا جائے گا، نئی بائیک لینز اور ADA معیارات کے مطابق فٹ پاتھ بنائے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ تقریباً 200 نئے درخت اور سبزہ بھی لگایا جائے گا تاکہ ماحول دوست اور پائیدار ڈیزائن تیار ہو سکے۔میئر ایڈمز کے مطابق یہ منصوبہ نہ صرف بنیادی ڈھانچے کو محفوظ بنائے گا بلکہ لوگوں کو طوفانی نقصانات سے بچا کر ان کی جیبوں میں پیسہ بھی محفوظ کرے گا۔ چیف کلائمٹ آفیسر روہت اگروالا نے کہا کہ یہ اقدام ساحلی کمیونٹی کے لیے طویل المدتی تحفظ فراہم کرے گا اور ریڈ ہوک کے عوام کو درپیش موسمی خطرات میں کمی لائے گا۔