
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور قائم مقام کمشنر ڈی ایس این وائی خاویئر لوجان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بروکلین کمیونٹی ڈسٹرکٹ 2 میں چوہوں کے خاتمے کے لیے کنٹینرز کی تعداد میں توسیع کی جارہی ہے۔
اس اقدام کے تحت علاقے کے تمام اسکولوں اور بڑے رہائشی عمارتوں میں ’ایمپائر بنز‘ نصب کیے جائیں گے، جو جدید خودکار ٹرکوں کے ذریعے خالی کیے جائیں گے۔میئر ایڈمز نے کہا کہ ویسٹ ہارلم میں کنٹینرائزیشن کے بعد نو ماہ سے لگاتار 311 پر چوہوں کی شکایات میں کمی دیکھی گئی ہے۔ ان کے مطابق سڑکوں سے کچرے کے تھیلوں کے ختم ہونے کے بعد نہ صرف شہر کی صفائی بہتر ہوئی ہے بلکہ شہریوں کی معیارِ زندگی میں بھی بہتری آئی ہے۔ ایڈمز نے زور دیا کہ یہ قدم "چوہوں اور گندگی کے خلاف جنگ” میں اہم پیش رفت ہے۔کمشنر لوجان نے بتایا کہ اب شہر کا 70 فیصد کچرا کنٹینرز میں جمع ہو رہا ہے اور بروکلین ڈسٹرکٹ 2 میں توسیع کے بعد یہ شرح مزید بڑھے گی۔ اور اس طرح یہ ثابت ہو گیا ہے کہ نیویارک بھی دنیا کے دیگر بڑے شہروں کی طرح صاف ستھرا ہو سکتا ہے۔اس منصوبے کے تحت ڈاؤن ٹاؤن بروکلین، بروکلین ہائیٹس، ڈمبو، کلنٹن ہل اور دیگر علاقوں میں 2026 تک ’ایمپائر بنز‘ نصب کر دیے جائیں گے۔ ایڈمز نے واضح کیا کہ یہ صرف صفائی کا اقدام نہیں بلکہ شہر کی جدیدیت کی سمت ایک بڑی تبدیلی ہے، جس میں کمیونٹی کو براہِ راست شامل کیا جا رہا ہے تاکہ مستقل بنیادوں پر کامیابی حاصل کی جا سکے۔