vosa.tv
Voice of South Asia!

شکاگو میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی

0

امریکا میں تارکینِ وطن کے حقوق کے لیے سرگرم کارکنوں نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ دنوں میں شکاگو اور اس کے مضافاتی علاقوں میں امیگریشن نافذ کرنے والے اہلکاروں کی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ان گرفتاریوں سے ان کمیونٹیز میں خوف مزید گہرا ہو گیا ہے جو پہلے ہی بڑے پیمانے پر گرفتاریوں اور سخت کارروائیوں کے خدشات میں مبتلا تھیں۔کارکنوں کے مطابق وفاقی ایجنٹس خاص طور پر ٹریفک روکنے اور عدالتوں کے اطراف نظر آ رہے ہیں۔ صرف ایک دن میں امیگریشن اہلکاروں کی نقل و حرکت کی اطلاع دینے کے لیے ہاٹ لائن پر 500 سے زائد کالز موصول ہوئیں، جن میں بعض جھوٹی یا دہرائی گئی تھیں۔ شکاگو کے نواحی علاقے ویسٹ شکاگو میں بھی درجنوں گرفتاریاں رپورٹ ہوئی ہیں، جہاں نصف آبادی ہسپانوی نژاد ہے۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شکاگو میں نیشنل گارڈ اور اضافی امیگریشن ایجنٹس بھیجنے کی دھمکی دی تھی، تاہم ان کا مؤقف بار بار بدلتا رہا ہے۔ اسی دوران ہوم لینڈ سیکیورٹی نے "آپریشن مڈوے بلیٹز” شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت اب تک 13 گرفتاریاں ظاہر کی گئی ہیں۔ریاست الینوائے کے گورنر جے بی پرٹزکر اور مقامی رہنماؤں نے اس کارروائی کی مخالفت کی ہے، لیکن کارکنوں کا کہنا ہے کہ نقاب پوش اور فوجی طرز کے لباس میں اہلکاروں کی موجودگی نے تارکینِ وطن برادری کو شدید دباؤ میں ڈال دیا ہے۔ یہ صورتحال اس وقت مزید سنگین ہو گئی جب گزشتہ ہفتے ایک وفاقی ایجنٹ نے گرفتاری سے بچنے کی کوشش کرنے والے شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.