vosa.tv
Voice of South Asia!

  تارکین وطن دباؤ میں امریکا چھوڑنے پر مجبور، نئی رپورٹ

0

امریکا میں غیر قانونی طور پر مقیم تارکینِ وطن کی ایک بڑی تعداد اب اپنی زندگیاں نئے ملکوں میں بسانے کا فیصلہ کر رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق ’’خود سے ملک چھوڑنے‘‘ کا یہ رجحان حالیہ تاریخ میں پہلے کبھی اس شدت کے ساتھ سامنے نہیں آیا۔

مائیگریشن پالیسی انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی ’’سیلف ڈپورٹیشن‘‘ حکمت عملی غیر معمولی ہے۔ ان کے مطابق حکومت یہ تسلیم کرتی دکھائی دے رہی ہے کہ سالانہ دس لاکھ ڈپورٹیشنز کا ہدف صرف نفاذی کارروائیوں سے ممکن نہیں۔امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی نے حال ہی میں ’’سی بی پی ہوم‘‘ نامی موبائل ایپ متعارف کرائی ہے، جس کے ذریعے غیر قانونی تارکین وطن کو امریکا چھوڑنے پر راغب کیا جا رہا ہے۔ یہ ایپ ایک ہوائی ٹکٹ اور 1000 ڈالر کی رقم فراہم کرتی ہے۔ حکام کے مطابق اب تک ہزاروں افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا چکے ہیں، تاہم درست اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے۔اعداد و شمار کے مطابق رواں سال جنوری سے جولائی کے درمیان 6118 افراد نے رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑا، جو گزشتہ برس بائیڈن انتظامیہ کے دور میں صرف 2550 تھے۔ ان میں زیادہ تر کا تعلق میکسیکو سے ہے۔رپورٹ کے مطابق امیگریشن کی کڑی پالیسیوں، حراستی مراکز کے خراب حالات اور خاندانوں کی علیحدگی کے خطرے نے تارکین وطن میں شدید خوف پیدا کر دیا ہے۔ اس کے نتیجے میں آن لائن گروپس اور کمیونٹیز میں ہزاروں افراد امریکا چھوڑنے سے متعلق بحث کر رہے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال امریکی تاریخ میں غیر معمولی ہے۔ 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.