نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی پولیس ڈپارٹمنٹ (NYPD) نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اسرائیلی فضائی حملے کے بعد شہر میں حساس مقامات پر سیکورٹی سخت کر دی ہے۔
حکام کے مطابق اس وقت نیویارک کو کسی مخصوص خطرے کا سامنا نہیں ہے، تاہم احتیاطی تدابیر کے طور پر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔NYPD نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پولیس اضافی نفری مذہبی مقامات، ثقافتی اداروں اور سفارتی دفاتر کے اردگرد تعینات کر رہی ہے، اور صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے وفاقی اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کسی بھی ممکنہ اثرات پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب اسرائیل نے منگل کو قطر میں حماس کی قیادت کو نشانہ بنانے کے لیے حملہ کیا۔ دوحہ کی فضاؤں میں دھوئیں کے بادل دیکھے گئے، تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی۔ یہ دوسرا موقع ہے جب توانائی سے مالا مال قطر براہِ راست مشرقِ وسطیٰ کی اس جنگ کی زد میں آیا ہے، جو اکتوبر 2023 میں حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد شروع ہوئی تھی۔قطر طویل عرصے سے غزہ کی جنگ بندی کے لیے ثالثی کی کوششوں میں شامل رہا ہے، لیکن حالیہ حملے نے ان مذاکرات کے مستقبل پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔ اس صورتحال میں امریکا نے دوحہ میں مقیم اپنے شہریوں کو گھروں پر رہنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔